پٹنہ، 5/مئی (ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)پچھلے کچھ عرصے سے لالو یادو پر مسلسل نشانہ بنارہے بی جے پی لیڈر سشیل مودی نے جمعہ کو ایک پریس کانفرنس کر کے نیا الزام لگاتے ہوئے کہا ہے کہ لالو کے بیٹے تیج پرتاپ نے غلط طریقے سے پٹرول پمپ لیا ہے۔سشیل مودی نے اس سے پہلے بھی لالو یادو پرزمین گھوٹالے کا الزام لگایا تھا۔اس کو دہراتے ہوئے سشیل مودی نے کہا کہ غلط کاغذات کی بنیاد پر زمینیں خریدی گئیں،کروڑوں روپے کی ان زمینوں کی خریداری کی جانچ ہونی چاہیے۔تازہ معاملے میں اپنے رد عمل ظاہر کرتے ہوئے آر جے ڈی لیڈر ایم اے فاطمی نے کہا کہ یہ سب بے بنیاد الزامات ہیں۔انہوں نے کہا کہ اسی طرح کے جھوٹے الزامات 20سال پہلے لالو پرساد پر چارہ گھوٹالے کے طور پر لگے تھے۔اس سے پہلے کا الزام لالو یادو کے بڑے بیٹے اور بہار کے وزیر صحت تیج پرتاپ یادو سے متعلق ہے۔مودی کے مطابق،2010میں لارا ڈسٹریبیوٹرس پرائیویٹ لمیٹڈ کے نام سے 45ڈیسمل زمین 53.34لاکھ روپے میں خریدی گئی تھی اور اس زمین پر ایک موٹر سائیکل کمپنی کا شوروم بھی شروع کیا گیا۔اس شوروم کو شروع کرنے کے لیے 2.29کروڑ روپے کالون لیا گیا، اس وقت تیج پرتاپ اس کمپنی کے منیجنگ ڈائریکٹر تھے۔حالانکہ 2015میں اسمبلی انتخابات کے نتائج آنے کے بعد تیج پرتاپ یادو نے اس کمپنی کے منیجنگ ڈائریکٹر کے عہدے سے استعفی دے دیاتھا، لیکن مودی کا الزام ہے کہ الیکشن کمیشن کو دئیے گئے حلف نامے میں تیج پرتاپ یادو نے نہ اپنے شیئر کی معلومات دی اور نہ قرض کا کوئی ذکر کیا۔حالانکہ تیج پرتاپ کے قریبی لوگوں کا کہنا ہے کہ یہ تمام معلومات تیج پرتاپ کے حلف نامے میں مذکورہ ہیں، لیکن وہ کس کس کمپنی میں ڈائریکٹر ہیں؟یا ان کا شیئر ہے؟ وہ سلسلہ وار طریقے سے نہ دے کر کل شیئر اور اس کی قیمت کا کل جمع دیا گیا ہے۔